ڈی پی او جھنگ کی تھانہ شورکوٹ کینٹ میں کھلی کچہری
جھنگ ،شورکوٹ،شورکو ٹ چھا¶ نی (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندگان دنیا )ڈی پی او جھنگ کیپٹن(ر)بلال افتخار کیانی نے گزشتہ روز پولیس تھانہ شورکوٹ کینٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور سائلین کے مسائل و شکایات سنیں اور موقع پر متعلقہ افسران کو کیسز سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔
قبل ازیں بلال افتخار کیانی نے تھانہ شورکوٹ سٹی کا سرپرائز وزٹ کیا اور انسپکشن کی، ڈی پی او نے حوالات، جملہ دفاتر اور فرنٹ ڈیسک پر پینڈنگ درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور تھانہ میں موجود سائلین سے بھی ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے ، اس موقع پر ڈی ایس پی مہر حیات سرگانہ بھی موجود تھے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جھنگ نے کھلی کچہری میں مختلف نوعیت کے معاملات میں پیش ہونے والے 27 شہریوں کے مسائل سن کر فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے ، ڈی پی او نے جرائم کی روک تھام کیلئے شورکوٹ سٹی اور کینٹ میں شاہین اسکواڈ میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔ڈی پی او جھنگ بلال افتخار کیانی نے کھلی کچہری سے خطاب میں کہا کہ چوری، ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں کے کنٹرول کرنے کیلئے علاقہ مکین ٹھیکری پہرہ یقینی بنائیں۔ پولیس افسران تھانوں کی سطح پر شہریوں کے مسائل قانونی تقاضوں کے مطابق فوری حل کریں۔