الائیڈ ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال،کھٹملوں کے ڈیرے

الائیڈ  ہسپتال  میں  صفائی  کی  ناقص  صورتحال،کھٹملوں  کے  ڈیرے

فیصل آباد(بلال احمد سے )شہر کی سب سے بڑی علاجگاہ الائیڈ ہسپتال کے وارڈز میں کھٹملوں نے ڈیرے ڈال لیے ، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر مریض سیخ پا ،انتظامیہ نے ایکشن لینے کے بجائے دانستہ طور پر چپ سادھ لی ۔

تفصیلات کے مطابق شہر کی سب سے بڑی علاجگاہ الائیڈ ہسپتال میں سابقہ ایم ایس ڈاکٹر ارشد چیمہ کو صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد موجودہ انتظامیہ پر بھی کوئی خاص اثر نہیں ہوا اسی لیے ہسپتال کے پلمانولوجی وارڈ میں کھٹملوں کے ڈھیر لگے ہیں جو پوری وارڈ میں آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں اور مریضوں اور تیمارداروں کے لیے عذاب بن گئے ہیں۔ کھٹمل کے کاٹنے سے متاثرہ شخص کو ناقابل بیان تکلیف اور پھر انفیکشن جیسے مسائل سے گزرنا پڑتا ہے جبکہ ہسپتال کے عملے کے لیے بھی موجودہ صورتحال میں کام جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا ۔ جگہ جگہ دھندناتے کیڑے مکوڑے نرسنگ سٹاف کے لیے بھی مسائل پیدا کررہے ہیں۔ اس سے قبل الائیڈ ہسپتال کی او پی ڈی کے باہر ابلتے گٹروں کا معاملہ بھی تاحال حل نہیں ہوا۔ علاجگاہ میں صفائی ستھرائی کی بدترین صورتحال پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ،سینٹری ورکرز اور صفائی پر مامور دیگر عملہ محض ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ جبکہ ایم ایس ہسپتال سب اچھا ہے کی رپورٹ پیش کرکے بری الزمہ ہوجاتے ہیں۔ شہریوں نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود سے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹرمحمد فہیم یوسف سے مؤقف کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کوئی بھی مؤقف دینے سے انکار کردیا ،متعلقہ حلقوں کی نظریں وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر چودھری کی جانب اٹھ رہی ہیں تاکہ وہ انتظامیہ سے معاملے پر جواب طلبی کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں