انڈے کی غذائی اہمیت اجاگر کرنا اجتماعی ذمہ داری :ریحان نسیم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)انڈے کی غذائی اہمیت کو اجاگر کرنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ صحتمند قوم کو پروان چڑھانے کیلئے پروٹین کی کمی پر قابو پایا جا سکے ۔
یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے انڈے کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے پولٹری کی صنعت سے وابستہ افراد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جن کی وجہ سے آج دنیا بھر میں لوگوں کو و افر مقدار میں انڈہ دستیاب ہے جبکہ دیسی مرغی کا انڈہ تقریباً نایاب ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری سیکٹر کی وجہ سے اس شعبے میں مزید بہتری آئے گی اورعام آدمی کو بآسانی انڈہ اور مرغی مل سکے گی۔ سابق سینئر نائب صدر اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ دنیا کی بڑھتی ہوئی مصروفیات کی وجہ سے آج ہم اپنی غذائی ضروریات سے بھی غافل ہو گئے ہیں۔ آج کل بچے جنک فوڈ کو ترجیح دیتے ہیں جن کے نتیجہ میں بیماریاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔