رواں سال خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سالخشک میوہ جات (ڈرائی فروٹس)کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ، مہنگائی کے باعث شہریوں کی قوت خرید کم اور دکانداروں کا کاروبار بھی شدید متاثر ہورہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق موسم بدلنے کے ساتھ ہی شہریوں کی جانب سے خشک میوہ جات کی خریداری شروع کردی گئی ہے تاہم سال 2023 کے مقابلے میں رواں سیزن میں قیمتیں 20 فیصد تک بڑھ چکی ہیں جس کے باعث ڈرائی فروٹس کھانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں رہی۔ مارکیٹ ریٹس کے مطابق ایک سال کے دوران ایرانی کھجور 450 سے بڑھ کر 550، مضافتی کھجور 600 سے بڑھ کر 800، اخروٹ 800 روپے ، بادام 2200 سے بڑھ کر 3 ہزار، چلغوزہ 11ہزار، انجیر 3200، کاجو 3200 اور پستہ 2800 سے بڑھ کر 3600 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات اب صرف امیر طبقہ ہی کھا سکتا ہے جبکہ متوسط اور غریب طبقے کو صرف دیکھ کر ہی گزارہ کرنا پڑے گا، مہنگائی نے عام آدمی کا بھرکس نکال دیا ۔ انہوں نے حکومت سے خشک میوہ جات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ ڈرائی فروٹس کی قیمتوں میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے جس کے باعث گاہک دام پر بحث کرتے ہیں اور اکثر خریدے بغیر واپس چلے جاتے ہیں۔