ٹھیکریوالا:فیکٹریوں کازہریلا دھواں،شہری بیماریوں میں مبتلا
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا )فیکٹریوں کی چمنیوں سے خارج ہونے والا زہریلا دھواں مکینوں کیلئے زہر قاتل بن گیا،بچے ،بوڑھے ،نوجوان بیمار ،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے روک تھام میں ناکام ۔
تفصیلات کے مطابق دھاندرہ،سدھار،ٹھیکریوالا اور گردونواح میں قائم فیکٹریوں سے خارج ہونے والا زہریلا دھواں ماحولیاتی آلودگی،سموگ اور ائیر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافے کا باعث بن رہا ہے ،فیکٹری بوائلر میں استعمال کیا جانے والا غیر قانونی ماحول دشمن ایندھن دن ، رات علاقہ میں زہریلا سیاہ دھواں خارج کر رہا ہے جس کے باعث علاقہ مکین شدید اضطراب میں مبتلا ہیں اور انہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے ، اس کے علاوہ بچے ،بوڑھے اورنوجوان ناک،گلے ،آنکھوں سمیت دیگر موذی امراض میں بھی مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ محکمہ ماحولیات آلودگی وسموگ کا باعث بننے والے یونٹس کے خلاف نتیجہ خیز کارروائیاں کرنے کی بجائے معمولی جرمانے اور بھاری نذرانے وصول کر کے خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔مقامی رہائشیوں رانا اویس،عرفان،ساجد،ریحان، مظہر،فاروق خاں، عتیق الرحمن،قیصر علی،توصیف احمد اور دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر اعلٰی حکام سے نوٹس لے کر فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔