چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن چارج چھوڑنے کو تیار نہیں ، تبادلہ رکوانے کیلئے متحرک

چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن  چارج  چھوڑنے  کو  تیار  نہیں  ،  تبادلہ  رکوانے  کیلئے  متحرک

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تبادلے کے احکامات اور نوٹیفکیشن کے باوجود چارج چھوڑنے کو تیار نہیں۔

ذرائع کے مطابق چیف آفیسر تبادلہ رکوانے کے لیے ایک شادی کی تقریب میں سینئر سیاستدان کے پاس پہنچ گئے ،مذکورہ چیف آفیسر پر کرپشن اور فرائض میں غفلت کے متعدد الزامات ہیں۔ تفصیلات چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو اور میونسپل آفیسر ریگولیشن محمد امجد کا تبادلہ کردیا گیا تھا ،جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکمنامے میں ٹرانسفر ہونے والے دونوں افسران کو پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو ٹرانسفر آرڈر تسلیم کرکے عہدے کا چارج چھوڑنے کی بجائے فیصل آباد کی اہم سیاسی شخصیت کے پاس ایک شادی کی تقریب میں پہنچ گئے اور ٹرانسفر رکوانے کی درخواست کرنے لگے ۔ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر سینئر سیاستدان نے زبیر وٹو سے کہا کہ شادی کی تقریب بات کرنے کی صحیح جگہ نہیں اٹھ کر اپنے دفتر پہنچو پھر بات کریں گے ، زبیر وٹو ٹرانسفر رکوانے کے لیے ہرممکن کوشش کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق چیف آفیسر زبیر وٹو کی ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن و کمشنر سلوت سعید کی جانب سے کئی بار سرزنش بھی کی گئی۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ مبینہ طور پر کمشنر کی جانب سے ایک ہفتہ قبل ہی زبیر وٹو کو اپنے معاملات سمیٹ کر تبادلے کی تیاری کرنے کی تنبیہہ کی گئی تھی، زبیر وٹو کیخلاف انکوائریاں بھی چل رہی تھیں، انکروچمنٹ انسپکٹرز کی پشت پناہی اور نذرانے وصول کرنے کے الزامات بھی لگ چکے ۔ ذرائع کے مطابق سینئر سیاستدان کی جانب سے زبیر وٹو کو تبادلہ رکوانے کے لیے اعلیٰ حکام سے بات کرنے کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں