گنے کی ٹرالیوں پر ریفلیکٹر اور چائنہ لائٹ لگائی جائیں:ڈپٹی کمشنر
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ماحول میں بہت سے تبدیلیاں آرہی ہیں۔
سردی کی شدت اور دھند میں اضافہ ہورہا ہے ، موسم کی شدت کے اثرات سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں اور اس کے لئے عوام میں بھی شعور و آگاہی فراہم کی جائے یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ محمد عرفا ن ہنجرا، سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس، پی ڈی ایم اے سے عرفان سیال، ڈی ای او شاہد سیال، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب الرحمٰن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری اظہر یوسف،ریسکیو 1122 سے فیصل ہمدانی،غیر سرکاری تنظیم سے ناظم بلوچ سیمت متعلقہ محکموں نے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دھند کی وجہ دے رات کے وقت شاہرات پر حد نگاہ کم ہوجاتی ہے اس لئے تمام گاڑیوں بالخصوص گنے کی ٹرالیوں پر ریفلیکٹر اور چائنہ لائٹ ضرور لگائی جائیں تاکہ حادثات سے بچا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سموگ سے بچاو کے لئے تمام بھٹوں پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال لازمی بنایا جائے ۔ بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے کام کرنے والے بھٹوں کو فوری طور پر مسمار کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ رات کو میرج کلبوں پر شادی بیاہ کی تقریبات کو وقت پر ختم کیا جائے ، خلاف ورزی کرنے والے میرج کلبوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بخار، نزلہ زکام اور موسمی بیماریوں سے بچاو کی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔