دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم متحد اور پرعزم :پیر آصف
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ممبر ضلعی امن کمیٹی و پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔۔
کوئٹہ دھماکہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان سنی تحریک سکیورٹی فورسز اور شہداء کے لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے منعقدہ ‘‘قرآن خوانی و دعائیہ تقریب’’سے شوگر موڑ پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مولانا اعظم بٹ نقشبندی،قاری عبدالخالق نقشبندی، احمد نثارقادری،حافظ محمدیاسر قادری المدنی اورمحمد عمر قادری بھی موجود تھے ۔پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے ۔دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قوم کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہدا ء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی واستحکام اور شہداء کی بلندی درجات کیلئے بھی دعا ئیں کی گئیں۔