ہائی ویلیو آئل کراپس اور فوڈ سیفٹی پر قومی فیلڈ ڈے کا اہتمام
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اہم زرعی تحقیقی مرکزنیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی (نیاب) کے زیر اہتمام ہائی ویلیو آئل کراپس اور فوڈ سیفٹی پر قومی فیلڈ ڈے کا اہتمام کیاگیا۔
نیاب ملک میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چار اہم زرعی تحقیقی مراکز میں سے ایک ہے ۔ڈاکٹر محمد یوسف سلیم،چیف سائنٹسٹ، ڈائریکٹر نیاب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ایٹمز فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ،وژن کے تحت جوہری تکنیکوں کو استعمال کرتے ہوئے مختلف فصلوں کی موسمیاتی تبدیلی کے لحاظ سے بہتر اقسام متعارف کرانے میں نیاب کے کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے تیل آور فصلوں کو فروغ دینے میں نیاب کے کردار کے بارے میں بھی بتایا جس کے نتیجے میں ملک کے درآمدی بل کو کم کرکے زرمبادلہ کی بچت کرنے میں مدد ملی ہے ۔ڈاکٹر کاشف ریاض خان نے کہا کہ سائنسدانوں نے اپنا کام کر دیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ زیادہ پیداوار والی اقسام کے بیج پورے پاکستان کے کھیتوں میں لگائے جائیں تاکہ زراعت کے میدان میں خود کفالت کا حصول ممکن ہو سکے ۔