ترقیاتی منصوبے بر وقت مکمل کیے جائیں، چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے گزشتہ روز اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
جس میں ممبر انجینئرنگ، ممبر انوائرنمنٹ، ممبر پلاننگ سمیت متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین نے کہا ترقیاتی منصوبے بر وقت اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جا ئیں، کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ایس ای سی پی سے جلد از جلد رجسٹر کروایا جائے، اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر پر ہونے والی پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پارکنگ پلازہ منصوبے کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ٹی چوک پر پیچ ورک کو مکمل کیا جائے، پوٹھوہار ایونیو پر باقی ماندہ نکاسی آب کا کام بھی مکمل کیا جائے ، سرینہ چوک اور جناح ایونیو انٹرچینجز پر کام کی رفتار کو تیز کیا جا ئے۔