موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کیلئے سنگین چیلنج:ڈاکٹر سعید

موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کیلئے سنگین چیلنج:ڈاکٹر سعید

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیر اہتمام سسٹین ایبل بزنس ڈویلپمنٹ کے موضوع پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ۔

پروفیسر ڈاکٹر سعید اکبر نے اپنے کلیدی خطاب کے دوران پاکستان میں پائیداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں نہ صرف حکومت بلکہ نجی شعبے اور کمیونٹی کی سطح پر بھی مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک صاف، سبز اور پائیدار مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے ۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے پائیدار طریقوں کو فروغ دینے کے لیے پالیسی سازی میں اکڈیمیا کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیاں، صنعتیں اور حکومتیں باہمی تعاون کے ذریعے ماحول اور معاشرے پر دیرپا اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے پائیدار کاروباری طریقوں میں جدت کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے کاروبار میں پائیدار مالیاتی طریقوں کو اپنانے اور ماحول دوست مقاصد کے لیے مالیاتی جدت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے کاروباری طریقوں میں بہتری، فضلہ کو کم کرنے اور ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ دینے پر زور دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں