لومز مالکان ادھار لیے دھاگے کی قیمت ادا کرنے میں ناکام
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاور لومز مالکان ادھار پر لئے دھاگے کی قیمت ادا کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ واجب الادا رقم کے عوض پاور لومز کی ملکیت سوتر منڈی کے تاجروں کے نام کی جانے لگی ہیں۔فیصل آباد میں پاور لومز انڈسٹری کو نئے بحران کا سامنا ہے ۔
مالکان کی جانب سے کروڑوں روپے کا ادھار دھاگہ سوتر منڈی سے لیکر کپڑے کی تیاری کی گئی تاہم کورے کپڑے کے ریٹ میں بڑی کمی واقع ہوگئی جس کے بعد تیار کپڑے کے گودام بھرے پڑے ہیں لیکن بھاری نقصان سے بچنے کے لیے پاور لومز مالکان فروخت نہیں کر پا رہے ۔ دوسری جانب ادھار پر حاصل کیے گئے دھاگے کی ادائیگی کرنا بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔ پاور لوم آنرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید خالق رامے کا کہنا ہے کہ کپڑا مطلوبہ دام میں فروخت نہ ہونے پر مالکان اب اپنی پاور لومز دھاگے کی قیمت کے عوض سوتر منڈی کے تاجروں کے نام کرنے لگے ہیں۔ 50 فیصد سے زائد لومز کا پہیہ جام جبکہ دیگر بھی صرف 60 فیصد کپیسٹی پر چل رہی ہیں۔