فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں کا شاہراہ پر داخلہ بند
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ہمایوں راشد نے ضلع بھر کے ٹرانسپورٹرز سے میٹنگ کی اور انہیں باور کرایا کہ وہیکل کا فٹنس سرٹیفکیٹ لئے بغیر کسی گاڑی کو شاہراہ پر نہیں آنے دیں گے ۔
لہذا فوری طور پر وکس سٹیشن سے سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بغیر فٹنس چلنے والی گاڑیاں سموگ کا موجب بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ نے دھواں دینے والی وہیکلز کے خلاف سخت ترین ایکشن کی ہدایت کررکھی ہے جس کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی تمام مشینری صبح سے رات تک شاہرات پر موجود اور خلاف ورزیوں پر ایکشن لے رہی ہے ۔ ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ تعاون کریں اور وہیکلز کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں تاکہ کارروائی کی نوبت نہ آئے اورسموگ کا خاتمہ یقینی ہوسکے ۔