زرعی نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

زرعی نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ملتا ن(وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ نے سرکاری نادہندگان سے ۔

ریکوری کیلئے کڑے اقدامات کا فیصلہ کیاہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو ریونیو ریکوری کے اہداف حاصل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔انہوں نے حکم جاری کیا کہ آبیانہ ،زرعی و آبی تاوان سمیت ریونیو فیسوں کی ریکوری کیلئے نادہندگان کی جائیدادیں بلاک کی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈویژن میں ریونیو ریکوری کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ریونیو ارشد گوپانگ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر سمیت ڈویژنل افسر بھی شریک ہوئے ۔کمشنر مریم خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز بڑے نادہندگان سے ریکوری کیلئے فیلڈ سٹاف کی کڑی مانیٹرننگ کریں جبکہ سرکاری واجبات کی وصولی کیلئے نادہندگان کو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔دوسری جانب ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں کمشنر ملتان مریم خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ اور ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن ملتان شہزاد صابر نے گندم کی پیداوار کے اضافہ کی مہم کا افتتاح کر دیا۔زرعی یونیورسٹی ملتان نے پنجاب حکومت کی ہدایت پر محکمہ زراعت توسیع سے مل کر گندم اگاؤ مہم شروع کر دی۔اس سلسلے میں زرعی یونیورسٹی کے ساتویں سمسٹر کے 400 طلباء و طالبات کی 15 نومبر کو مہم شروع کرنے کے لیے تربیت دی گئی۔16 نومبر 30 نومبر تک یہ طلباء و طالبات اپنے اضلاع اور تحصیلوں میں محکمہ زراعت کے آفیسروں کے ساتھ مل کر کسانوں کو زیادہ سے زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے کے لیے آمادہ کریں گے اور ہر تحصیل سطح پر سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں سموگ کے تدارک کیلئے ایمرجنسی برقرار رکھی جائے گی جبکہ پبلک مقامات اور بازاروں میں سمارٹ لاک ڈائون پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جمعہ،ہفتہ اور اتوار مکمل شٹ ڈائون ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی محکموں اور پولیس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں