آئی ایس ایف نے پی ٹی آئی کو تقویت بخشی :عمر ڈار
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے پی ٹی آئی کو تقویت بخشی اور عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا ہے ۔۔۔
آئی ایس ایف اور اوورسیز پاکستانی عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں، ملک کے نوجوان عمران خان کا اصل سرمایہ ہیں، آئی ایس ایف نے ملک میں نوجوان لیڈر شپ کو فروغ دیا ہے ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ہر دور میں ہر جابر اور ظالم حکمران کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہی ہے ، موجودہ دور میں ملک میں جاری فسطائیت کے خلاف بھی آئی ایس ایف ڈٹ کر کھڑی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار عمر فاروق ڈار نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے 17 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار سہیل اقبال ہرڑ،انصاف لائرز فورم کے ضلعی صدر مجسم زرخیز ، حافظ عمار احمد، حافظ طیب کے علاوہ عہدیداران نے شرکت کی۔ عمر فارو ق ڈار نے کہا کہ جعلی فارم 47 حکومت کے خاتمے کا سہرا بھی آئی ایس ایف کے سر سجے گا، عمران خان کی 24 نومبر کی فائنل کال میں آئی ایس ایف پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہیں،آئی ایس ایف کے ممبرز سمیت تمام طلبا سے 24 نومبر کی فائنل کال میں بھرپور شرکت کی اپیل ہے ، آئی ایس ایف ہمیشہ کی طرح اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھائے گی۔