انکروچمنٹ آپریشن کے نوٹس کیخلاف کے ایم سی،کمشنر و دیگر کو نوٹس
کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ میں نیو کراچی 7 ہزار روڈ پر نالے پر انکروچمنٹ آپریشن کے نوٹس کیخلاف 1200 متاثرین کی درخواستوں پرکے ایم سی۔۔
کمشنر کراچی اور و دیگر کو تین دسمبر کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ متاثرین کے وکیل خواجہ اظہار الحسن عدالت میں پیش ہوئے ۔خواجہ اظہار الحسن ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ کے ایم سی کی جانب سے دکانیں اور گھر توڑنے کیلئے نوٹس دیئے گئے ہیں۔ ہزار سے زائد متاثرین ہیں، کہاں جائیں گے ؟ حکومت ان متاثرین کو معاوضہ ادا کرے یا متبادل دے ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو انکروچمنٹ سے مسئلہ ہے تو ٹربیونل جائے ۔ خواجہ اظہار الحسن نے موقف اپنایا کہ محمود آباد اور گجر نالا متاثرین کو بھی تو معاوضہ و متبادل دیا گیا ہے ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ گجر اور محمود آباد نالہ متاثرین کے پاس لیز موجود تھی ان کے پاس لیز نہیں ہے ۔ خواجہ اظہار نے موقف دیا کہ محمود آباد اور گجر نالے کے متاثرین کی حکومت کے ساتھ وابستگی ہے ، اس لیے معاوضہ دیا گیا۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ یہ جملے نشتر پارک میں تقریر میں اچھے لگتے ہیں۔ ایسے جملے کورٹ میں اچھے نہیں لگتے ۔