چنیوٹ میں صفائی کی صورتحال ابتر ہو چکی :الیاس چنیوٹی
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )امیر انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان و ممبر پنجاب اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی نے کہا ہے کہ چنیوٹ میں صفائی کی صورتحال ابتر ہو چکی ، وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات جلد نوٹس لیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن چنیوٹ کی حدود میں کچرے کی حالت بڑی گھمبیر ہو چکی ہے ،گلیاں ،محلے ، گند کے ڈھیروں سے اٹے پڑے ہیں ،ہمارے ہاں صفائی کے لیے تقریبا 80 بندے ڈیلی ویجز پر کام کر رہے تھے حکومت نے صفائی کے کام کو سنبھالنے کے لیے ایک نئی کمپنی متعارف کروائی اور اس کے لیے قانون سازی بھی کی ، نئی کمپنی کے آنے کی آڑ میں پہلے عملے کی تنخواہ بند کر دی گئی اور عملے نے کام کرنا چھوڑ دیا ۔انہوں نے کہا کہ کسی گلی محلے میں صفائی والا عملہ نظر نہیں آرہا ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن بے بس نظر آتا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب صوبائی وزیر و سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے جلد از جلد اس امر کا نوٹس لیں، جب تک نئی کمپنی ذمہ داری سنبھال نہیں لیتی ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کی تنخواہ فوری جاری کی جائے ۔