عوام سموگ کا باعث عوامل کی نشاندہی کریں :ڈی سی چنیوٹ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اﷲگوندل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ماحول کو سموگ سے پاک کرنے کے لئے سرگرم ہے ،اس ضمن میں تمام متعلقہ محکمے متحرک ہیں۔۔۔
عوام سموگ کا باعث بننے والے عوامل کی نشاندہی کریں اورماحول دوست ہونے کا ثبوت دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد سموگ پر عملدرآمد اور خلاف ورزیوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید، اسسٹنٹ کمشنرز شازیہ رحمن،سعدیہ جمال،شمس الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ، نمائندہ ٹریفک پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو کئے جانے والے اقدامات اور کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل نے کہا ہے کہ متعلقہ افسران سموگ سے آگاہی اور سموگ کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف متحرک رہیں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ ماحولیات، زراعت، ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی و دیگر فصلوں کی باقیات کو جلانے والوں، دھواں چھوڑتی گاڑیوں، اینٹوں کے بھٹوں،فضائی آلودگی پھیلانے والے کارخانوں فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی کریں، روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ ورک کریں، اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔