فیصل آباد ایئر پورٹ پر ذہنی تناؤ پر قابو پانے سے متعلق سیشن
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آگاہی کے مقاصد سے ذہنی تناؤ پر قابو پانے سے متعلق سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
جس کی قیادت ڈرماٹولوجسٹ اور یونیورسٹی آف فیصل آباد میں کلینیکل ٹریننگ کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر تنزیلہ خالد نے کی جبکہ ایئرپورٹ منیجر تسنیم اختر، سول ایوی ایشن اور دیگر ایجنسیوں کے ملازمین نے خصوصی شرکت کی۔ سیشن کے دوران ذہنی تناؤ کی اہمیت، اس کے اثرات اور اسے مثبت توانائی میں تبدیل کرنے کے طریقوں پر بات کی گئی۔ ڈاکٹر تنزیلہ خالد نے اس بات پر زور دیا گیا کہ کیسے تناؤ کی سطح کو کنٹرول کرکے اپنی توجہ اور توانائی کو مثبت سمت میں استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ سیشن کے دوران جسمانی، جذباتی اور نفسیاتی صحت پر تناؤ کے منفی اثرات پر بھی بات کی گئی۔ ایئرپورٹ منیجر تسنیم اختر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پروگرام افسران اور عملے کو دماغی طور پر تندرست رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ایئرپورٹ پر صحت کے موضوعات پر آگاہی سیشنز کا سلسلہ جاری ہے ۔