ٹوبہ:راجباہ کھیو ڑہ اور بھنگو کی ظالمانہ وارہ بندی ،مکینوں کا احتجاج
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )نہرجھنگ برانچ کی کھیوڑہ اور بھنگو مائنر کی ٹیلو ں پر واقع دیہات کے مکینو ں نے ٹیلوں پر پانی کی قلت کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے ۔۔۔
اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ اس صورتحال کے باعث مذکورہ دیہات کے کاشتکاروں کی فصلیں بالکل تباہ اور زمینیں بنجر ہو کر رہ گئیں ، لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ زمیندارو ں کا کہنا ہے کہ راجباہ کھیو ڑہ اور بھنگو کی ظالمانہ وارہ بندی کے نتیجہ میں آئے روز بندش معمول بن کر رہ چکی ،محکمہ انہار کے عملہ اور فارمرز آرگنائزیشن کے عہدیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے بااثر زمیندار نہری پانی چوری کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ٹیلوں پر واقع دیہات تک نہری پانی نہیں پہنچ پاتا ۔ مذکورہ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اس علاقہ کا زیر زمین پانی کڑوا ہونے کی وجہ سے زرعی مقاصد کے لئے ناقابل استعمال ہے اور تقسیم ہند سے قبل انگریز دور حکومت میں بھی ایک سر کاری نو ٹیفکیشن کے ذریعے اس علاقہ کا زیر زمین پانی کڑوا ہو نے کی وجہ سے مذکورہ علاقہ کو نہری وارہ بندی سے خارج قرار دیا گیا تھا ،تاہم یہ امر باعث افسوس ہے کہ محکمہ انہار کی طرف سے مذکورہ راجباہوں کو سب سے زیادہ بند رکھا جاتا ہے ،جس کے نتیجہ میں لوگ پینے کے پانی کی بھی بوند بوند کو ترس جاتے ہیں ، لہذا حالات کا تقاضا ہے کہ ٹیلوں تک نہری پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کی خاطرراجباہ کھیو ڑہ اور بھنگو کی ظالمانہ وارہ بندی فوری ختم کی جائے ، نہری پانی کی چوری روکی جائے ۔