تمباکو نوشی سے پاک عوامی مقام،آغاز کمشنر آفس سے کر دیا گیا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن کو تمباکو نوشی سے پاک ڈویژن بنانے کے لئے کمشنر آفس میں ڈویژنل عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔
کمشنر سلوت سعید نے عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کے اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اداروں کو تمباکو نوشی سے پاک بنائیں اور اپنے اداروں کے اندر \\\"تمباکو نوشی کرنا سخت منع ہے \\\" کا بورڈ آویزاں کریں۔انہوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سے کہا کہ ڈویژن سے فوکل پرسنز نامزد کریں جو سکولز اور کالجز میں جا کر طلبا کو آگاہی فراہم کریں مزید یہ کہ ڈائریکٹر کالجز اور ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر بچوں کے درمیان پوسٹر،کھیلوں کے مقابلے منعقد اور تین ماہ کے اندر رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کرائیں۔انہوں نے تمباکو نوشی کے قوانین کی سرعام خلاف ورزی پر تنویر طارق سوشل ویلفیئر آفیسر کو معطل اورپیڈا ایکٹ کے تحت کار روائی کر کے رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز سے پچھلے چھ ماہ کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کی اور کہا کہ اپنے ضلع کے مجسٹریٹ کو تمباکو نوشی کے قوانین پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کریں۔ تمباکو نوشی سے پاک عوامی مقام کا آغاز کمشنر آفس فیصل آباد سے کر دیا گیاہے جبکہ کمشنر فیصل آباد ڈویژن نے تمام دفاتر میں ایش ٹرے فری پالیسی کا اعلان بھی کیا۔