جڑانوالہ:ناجائز منافع خوری ، ملوث دکانداروں کیخلاف ایکشن کا حکم
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رانا صفدر شبیر نے کہا ہے کہ شہریوں کو مہنگائی سے چھٹکارہ دلانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم کردار ہے ۔
انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں نکلیں اور ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کے خلاف کارروائی کریں وہ یہاں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تمام پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عام شہری کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے روٹی ، بیکری آئٹمز اور منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو لازمی مانیٹر کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو غریب عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔