مویشی منڈیوں کی الاٹمنٹ،ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کا انکشاف خزانے کو 41کروڑ سے زائد کا نقصان
فیصل آباد(بلال احمد سے )ڈویژن کی پانچ مویشی منڈیوں کے ٹھیکوں میں سستی بولی کے ذریعے ٹھیکیداروں کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچائے جانے کا انکشاف، افسروں نے ریونیو کا تخمینہ لگائے بغیر خزانے کو 41 کروڑ سے زائد کانقصان پہنچایا۔
کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے منڈیوں کے ٹھیکوں میں غفلت کا پردہ فاش ہوگیا۔29 کروڑکے ٹھیکے دیئے گئے ۔ جس میں جانوروں کی انٹری فیس اور پارکنگ کا ٹھیکہ شامل تھا۔ مویشی منڈی نیاموآنہ کا ٹھیکہ 5 کروڑ 10 لاکھ روپے میں دیا گیا جہاں سے ٹھیکیدار نے 9 کروڑ 48 لاکھ روپے 75.7 فیصد نفع کی شرح سے کمائی کی۔ کیٹل مارکیٹ جڑانوالہ کا ٹھیکہ 26 لاکھ 15 ہزار میں طے پایا جہاں سے 307.3 فیصد شرح کے حساب سے ٹھیکیدار نے 1 کروڑ 6 لاکھ روپے کمالیے ۔ کیٹل مارکیٹ ملوآنہ جھنگ کا ٹھیکہ 16 کروڑ 22 لاکھ میں دیا گیا جہاں سے 186.6 فیصد شرح سے 46 کروڑ 50 لاکھ روپے کمائی ہوئی۔ مویشی منڈی شور کوٹ کا ٹھیکہ 70 لاکھ میں ہوا۔ تاہم ٹھیکیدار نے 124.9 فیصد کمائی کرکے 1 کروڑ 58 لاکھ کا نفع کمایا۔ مویشی منڈی چنیوٹ کا ٹھیکہ 6 کروڑ 72 لاکھ میں ہوا جہاں سے 12 کروڑ 30 لاکھ روپے کی کمائی ہوئی۔ٹھیکوں کے انتہائی کم ریٹس طے کیے گئے ۔ جبکہ ٹھیکیداروں سے مبینہ طور پر کمائی میں سے حصہ وصول کیا گیا۔ کمپنی کے ڈویژنل افسروںکاکہنا ہے کہ بولی کے تمام تر معاملات ہیڈ آفس کی جانب سے طے کیے تھے ۔