الائیڈ ہسپتال برن یونٹ سربراہ کے بغیر چلائے جانے کا انکشاف
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال کا برن یونٹ سربراہ کے بغیر چلائے جانے کا انکشاف، ایک ماہ قبل ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے تبادلے کے بعد شہر کے اکلوتے برن سنٹر میں معاملات بری طرح متاثر ہونے لگے ۔
مختلف واقعات میں جھلسنے والے مریضوں کے علاج معالجہ میں بڑی رکاوٹ کھڑی ہوگئی۔گزشتہ 6 ماہ کے دوران 3 ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ تبدیل ہونے کے بعد اب گزشتہ ایک ماہ سے برن سنٹرکا کوئی والی وارث نہیں۔ سابقہ ایچ او ڈی ڈاکٹر سعید اشرف نے چند ماہ قبل ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک سال کی چھٹیاں لے لیں جس کے بعد ڈاکٹر شمائلہ کو چارج سونپ دیا گیا تاہم محکمہ صحت نے انہیں بھی تبدیل کرکے لاہور سے سرجری کے ماہر ڈاکٹر افضال کو فیصل آباد بھیج کر ذمہ داری دیدی جنہوں نے قلیل عرصہ گزارنے کے بعد واپس لاہور ٹرانسفر کروا لیا۔ مریضوں کو معمولی مرہم پٹی کے بعد واپس بھجوا دیا جاتا ہے جبکہ جونیئر ڈاکٹرز حتی الامکان پلاسٹک سرجری سمیت دیگر سہولیات سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر شمائلہ فیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال میں ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔ برن سنٹر میں تشویشناک حالت میں لائے جانیوالے مریضوں سے متعلق ان سے مشورہ کرلیا جاتا ہے ۔ ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر محمد فہیم یوسف کا کہنا ہے کہ مستقل سربراہ کی تعینات محکمہ صحت پنجاب کی صوابدید ہے تاہم وہ موجودہ عملے کے ساتھ ہی کام چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔