محمد اشرف کی زیر صدارت بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کے زیر صدارت ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا۔
اجلاس میں ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،ممبران ضلعی امن کمیٹی رانا آفتاب احمد خاں اور مولانا قلب محمد علی شہانی بھی موجود تھے ۔اجلاس میں مسیحی برادری کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔اجلاس میں مسیحی برادری کے تہوار کرسمس کے سلسلہ میں سکیورٹی اوردیگر انتظامی امورکاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں مسیحی برادری کے نمائندہ افرادنے کرسمس کے موقع پر منعقد ہونیوالی تقریبات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر محمداشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو امن وسلامتی کاگہوارہ اورمستحکم تربنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی بنیادی ضرورت ہے اور اس ضمن میں معاشرے کے جملہ شعبوں کے افراد کومل جل کراحسن کرداراداکرناہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ مسیحی برادری کی ہرممکن فلاح وبہبود پرتوجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور کرسمس کے موقع پر سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کیے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر ضلع میں مسیحی برادری کواشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے سستے بازار لگانے کااہتمام کیاجائے گا جس کیلئے ایم سی افسران کوہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کہاکہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوکر جذبہ حب الوطنی اورقومی یکجہتی کومضبوط بنایا جاسکتا ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کرسمس کی تقریبات کے سلسلہ میں سکیورٹی کے عمدہ ترین انتظامات کیے جارہے ہیں۔مسیحی برادری کے نمائندگان نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے معاون انتظامات پرشکریہ اداکیا۔