مرمت کے نام پر گھنٹوں بجلی بند ، کاروبار متاثر
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)موسم سرما میں بجلی کے تاروں اور فیڈرز کی مینٹی نیننس کی مد میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ، بجلی کی بندش پر عوامی اور تجارتی حلقے بلبلا اٹھے اور گیپکو کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔۔۔
کئی روز سے ریجن کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے جبکہ گوجرانوالہ کے شہری علاقے باغبانپورہ ،گرجاکھ ،جناح روڈ ،سیٹلائٹ ٹاؤن ،فرید ٹاؤن،سول لائن،واپڈ اٹاؤن،کھیالی ،کالج روڈاور دیگر علاقوں میں صبح سے شام چار بجے تک بجلی بند رہی اور شہری پانی کو ترس گئے ۔ گیپکو حکام کے مطابق بجلی کے تاروں کی تعمیر ومرمت کے سلسلہ میں چند گھنٹے بجلی بند رہی جسے بعد میں بحال کردیا گیا تاہم شہری علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش سے طلبا وطالبات سکول جانے سے بھی قاصر رہے اور گھروں میں خواتین کھانا پکانے سے محروم رہیں ،موسم سرما میں بجلی کی گھنٹوں بندش سے کاروباری حلقے بھی پریشان رہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیپکو حکام کو صارفین کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کر نے چا ہئیں ۔