مبینہ کرپشن،پی ایچ اے منصوبوں کی تحقیقات شروع
لاہور(شیخ زین العابدین)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے منصوبے اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے، ماضی قریب کے منصوبوں کی تحقیقات شروع کر دیں۔ پی ایچ اے کے انجینئرنگ سے متعلق منصوبوں کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ترقیاتی کاموں کی مد میں ٹھیکیداروں پر سرکاری خزانے کی بارش ہونے کا ہوشربا انکشاف ہوگیا۔ پی ایچ اے میں مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کو نوازنے کا سکینڈل سامنے آگیا،افسروں نے ٹھیکیداروں سے سازباز کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا، من پسند ٹھیکیداروں کو کنٹریکٹ دئیے گئے جبکہ کام شروع ہونے سے قبل ہی سرکاری خزانے سے فنڈز ادا کر دئیے گئے ۔ روزنامہ دنیا کو موصول دستاویزات کے مطابق کینال روڈ پر لائٹس لگانے ، جی او آر میں گرین بیلٹ اور فٹ پاتھ بنانے کے کاموں پر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔ رنگ روڈ انٹرچینج کی اپ گریڈیشن، نئی بلڈنگ کی تعمیر ،جیلانی پارک ریس کورس میں جھنڈے کی تعمیر، پارکس کی ایمرجنسی اپ گریڈیشن پر لگنے والے فنڈز کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔ڈائریکٹر انجینئرنگ سلیم اقبال اور محمد اصغر کے منصوبوں کا ریکارڈ مانگ لیا گیا۔ تفصیلات اور ریکارڈ جمع کر انے کیلئے اینٹی کرپشن نے مراسلہ جاری کر دیا۔