ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او کا جنرل بس سٹینڈ کا اچانک دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اورڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے گزشتہ روز جنرل بس سٹینڈ کا اچانک دورہ کیا۔
اورجاری پولیو مہم کے سلسلہ میں پولیو ورکرز کی جانب سے مسافر بچوں کو پولیو سے بچاؤکی ویکسین پلائے جانے کاجائزہ لیا۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی سیکورٹی پر تعینات عملہ کی بھی حاضری و دستیابی کو چیک کیا۔ ضلعی سربراہان نے پولیو ٹیموں کی حاضری ، مہم کی پیش رفت اور ویکسی نیشن کے عمل کا بغور جائزہ لیتے ہوئے انچارج اور سپروائزر کو مزید سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہاکہ مائیکروپلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ۔ انہوں نے والدین سے بھی ملکر انہیں پولیو سے بچاؤ کی اہمیت سے آگاہ کیااور ان سے کہاکہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھر پورتعاون کریں تاکہ مہم کے سو فیصد اہداف حاصل کر کے پاکستان کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے ۔ واضح رہے کہ سرگودہا میں جاری پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 3 ہزار 331 پولیو ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہیں۔