انسداد پو لیو مہم ، پہلے روز2 لاکھ 14 ہزار بچوں کی ویکسی نیشن
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے ایوننگ اجلاس کی صدارت کی۔مہم کے پہلے روز پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 14 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ۔
ڈپٹی کمشنر نے یو سی ایم اوز سے مہم پر عملدرآمد بارے بریفنگ لی اور کہا کہ سامنے آنے والے بعض مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں۔آئندہ ایام میں کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فوری اقدامات ہونے چاہئیں ۔انہوں نے پولیو ٹیموں سے ممکنہ انکاری کیسز کے بارے میں بھی دریافت کیا اور کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں رہ کر انسداد پولیو مہم کی نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ مسافر بس سٹینڈز سے کوئی بس ویگن پولیو ٹیموں کی کلیئرنس کے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے ۔سکولوں میں مائیکروپلان کے مطابق اہداف حاصل کئے جائیں۔موٹر وے انٹر چینجز،بازاروں،پارکوں ودیگر عوامی مقامات پر ٹیمیں موجود رہنی چاہئیں ۔گھروں سے غیر حاضر بچوں کو تلاش کرکے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے تک چین سے نہ بیٹھا جائے ۔ناقص پرفارمنس کے حامل یو سی ایم اوز اور پولیو ورکرز کے خلاف ایکشن سے آگاہ کریں۔مسڈ چلڈرن کو ہر صورت کور کیا جائے ۔