پیر محل :سبزی منڈی میں کاشتکار لٹنے لگے ،شہری بھی پریشان
پیر محل (نمائندہ دنیا )سبزی منڈی پیرمحل میں مارکیٹ کمیٹی اورآڑھتیوں کی ملی بھگت سے سبزی کے کاشتکار لٹنے لگے ۔۔۔
کمیشن ایجنٹوں نے ایکاکرکے سبزیوں کے ریٹ آسمانوں پرپہنچادیئے ، انتظامیہ ریٹ کنٹرول کرانے میں بری طرح ناکام ،شہری عاجز آگئے ۔تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی چک نمبر671/12گ ب تحصیل پیرمحل میں مبینہ طورپر بااثرمافیا نے پوری سبزی منڈی کومارکیٹ کمیٹی کی ملی بھگت سے یرغمال بنارکھاہے ،مافیا نے پرائیویٹ سبزی منڈی کی دکانوں اورپھڑوں پرقبضہ کرکے بھتہ خوری کاسلسلہ شروع کررکھاہے ۔آڑھتیوں نے مارکیٹ کمیٹی افسران کی ملی بھگت سے غیرقانونی سائیکل سٹینڈ بھی قائم کررکھا ہے جو منڈی آنیوالے شہریوں سے زبردستی سائیکل سٹینڈ فیس وصو ل کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سبزی منڈی کے کمیشن ایجنٹوں نے ایکا کررکھاہے وہ سبزی کے کاشتکاروں سے بولی کے نام پراونے پونے میں سبزیاں خرید لیتے ہیں اورصبح سویرے انتظامی افسرا ن کی موجوگی میں بھی سبزی کی بولی کاڈرامہ رچاکرمنہ مانگے دام وصول کرتے ہیں ۔دوسری طرف افسران کسی قسم کی کارروائی کرنے کی بجائے کاغذی کارروائی مکمل کرکے فوٹوسیشن کے بعدواپس چلے جاتے ہیں لیکن مارکیٹ میں سبزیاں مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں ۔عوامی وسماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے سخت نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔