کمالیہ :سوئی گیس کی بدترین بندش تندوروں اور ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا
کمالیہ( نمائندہ خصوصی )کمالیہ میں سوئی گیس کی بدترین بندش کے باعث تندوروں اور ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کمالیہ شہر وملحقہ علاقوں میں موسم سرماکی آمد کیساتھ ہی سوئی گیس غائب ہو گئی، غیراعلا نیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بندش سے گھریلو معاملات متاثر ہوکر رہ گئے ہیں، کھانا پکانے کے وقت گیس بند ہوتی ہے جبکہ ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافے سے اب گیس خریدنا عام آدمی کے لئے مشکل ہو چکا، دوسری طرف گیس کی بندش کی وجہ سے غریب عوام ہوٹلوں اورتندوروں پر کھانا،روٹی اورنان خریدنے پر مجبورہیں ۔ عوام نے حکام سے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے ۔