ٹوبہ:فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، سینکڑوں لٹر ملاوٹی دودھ تلف

  ٹوبہ:فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، سینکڑوں لٹر ملاوٹی دودھ تلف

ٹو بہ ٹیک سنگھ،جکھڑ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹی رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کیخلاف کمالیہ میں کارروائیاں جاری ، سینکڑوں لٹر ملاوٹی دودھ تلف ، بھاری جرمانے عائد کر دیئے گئے ۔

 تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے فوڈ اتھارٹی ٹیم نے  شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر گزشتہ روز علی الصبح ناکہ بندی کرتے ہوئے 76 ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کی اور اس میں سے 500 لٹر ملاوٹی دودھ کو موقع پر تلف کر دیا ۔ میڈیا نمائندگان کو تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز یاسر مشتاق نے کہا کہ 35 دودھ بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار دودھ فروشوں کو روک کر دودھ چیک کیا گیا اور موقع پر ہی ٹیسٹ بھی کئے گئے ، ٹیسٹ فیل ہونے پر دودھ کو فوری تلف کر دیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملاوٹ شدہ دودھ کا استعمال معدہ ،جگر اور آنتوں کو متاثر کرتا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے دودھ اورگوشت کی چیکنگ کی جاتی ہے ، جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں