روہڑ ی :گیس بندش،پریشر میں کمی سے معمولات زندگی متاثر
روہڑی،باندھی(نمائندگان دنیا)روہڑی اور گردونواح کے علاقوں میں سردی بڑھتے ہی گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ شروع ہونے سے گھریلو خواتین کو امور خانہ داری میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق روہڑی کے مختلف محلوں بیدل بیکس کالونی ، نیو یارڈ لوکوشیڈ،علیواہن ، لونگ بھٹی ، پٹنی سمیت دیگر میں سردی کا موسم آ تے ہی گیس ناپید ہوگئی ہے اور پریشر میں کمی کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے ، صبح ،دوپہر اور شام کے اوقات میں یہ سلسلہ جاری رہتا ہے ، جس کے سبب معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں،بچے بغیر ناشتے کے اسکول اور مرد بھی بھوکے اپنے کاموں پر جارہے ہیں ،دوسری جانب گیس نہ ہونے کی وجہ سے تھوڑی بہت استطاطت رکھنے والے شہری ہوٹلوں اور تندوروں سے سالن ، روٹی خریدنے پر مجبور ہیں ، اسی طرح مہنگی ایل پی جی سیلنڈر کا استعمال اور لکڑیوں کی خریداری گھریلو بجٹ کو متاثر کررہی ہے ۔
روہڑی کے سیاسی، سماجی رہنماوں نے محکمہ سوئی گیس کے اعلی ٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھانا پکانے کے اوقات میں گیس بند نہ کی جائے اور پریشر کو بھی بڑھایا جائے۔ باندھی میں سرد موسم اور تیز ہوا کے ساتھ ہی لوگوں نے سردی سے بچنے کے لیے گرم ملبوسات کی دکانوں اور اسٹالوں کارخ کرلیا جس کے باعث پرانے کپڑوں کی دکانوں پر خریداروں کا رش بڑھ گیا۔باندھی کے شہری اور گردونواح کے مکین گرم ملبوسات کی خریداری کیلئے پتھاروں اور دکانوں پر پہنچ گئے اور گرم کوٹ، جیکٹس، چادریں،جرابیں، کمبل خریدے ۔اس حوالے سے خریداروں کا کہناتھاکہ گزشتہ سال کی نسبت ملبوسات کی قیمتیں آسمان پر ہیں مگر گرانفروشوں اور اس کو کنٹرول کرنے کی ذمہ دار انتظامیہ کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔ خریداروں نے بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب لوگوں کے لیے سامان کی خریدی مشکل ہو گئی ہے ،غریب پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔