بجلی بل وصولی تک کنکشن بحال نہ کرنے کے احکامات جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو انجینئر چودھری خالد محمود نے ملتان سرکل میں تما م کیٹگریزکے نادہندگان سے بقایاجات/سابقہ بل وصول کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔
اور کہا ہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے ناموں سے نصب دیگر گھریلو /کمرشل اور دیگر تمام کیٹگریز کے کنکشنز منقطع کئے جائیں اور سابقہ بل وصول ہونے تک کنکشنز بحال نہ کئے جائیں ۔ ایک سے 2ماہ کی مدت والے رننگ ڈیفالٹرزسے رننگ بل رواں ہفتے وصول کئے جائیں اور رننگ ڈیفالٹرز کی فہرستیں کلیئر کی جائیں ۔دسمبر کے باقی دنوں میں بھرپور ریکوری مہم چلائی جائے ۔ اہداف حاصل نہ کرنے والے ایس ڈی اوز اور اہلکاروں کے خلاف آئندہ ماہ سخت ایکشن لیاجائیگا۔ وہ میپکو ملتان سرکل کے افسروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سرکل کے ہارڈ ایریاز میں بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔شہر میں تجارتی مراکز /شاپنگ سنٹرز/پلازوں/پرائیویٹ ہسپتالوں /لیبارٹریزکے کنکشنوں کی رات کے اوقات میں خصوصی طورپر چیکنگ کی جائے ۔ بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایاجائے اور ان کو گرفتارکروانے کے لئے پولیس فورس سے رابطہ رکھاجائے ۔