سائٹ سیئنگ ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنیکا فیصلہ
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایک اہم منصوبہ پیش کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت جنوری 2025میں اسلام آباد سائٹ سیئنگ ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کی جائے گی۔ یہ اعلان سیاحت کی صنعت کے سٹیک ہولڈرز کیلئے منعقدہ ایک بریفنگ کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر ٹی ڈی سی پی کے منیجر نوید انجم، ٹی آئی سیز کے منیجر مختار علی، پی ٹی ڈی سی کی منیجر پی اینڈ پی سعدیہ نعمان اور اسلام آباد کے اہم ہوٹلز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ بس سروس پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے اشتراک سے شروع کی جائے گی جس کے ذریعے روزانہ دو مرتبہ رہنمائی کے ساتھ شہر کے اہم سیاحتی اور تاریخی مقامات کی سیر کروائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام بڑے ہوٹلز سے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔