الائیڈ ہسپتال کی اکلوتی ایم آر آئی مشین بدستور خراب،مریض پریشان
فیصل آباد(بلال احمد سے )فیصل آباد ڈویژن کی سب بڑی علاجگاہ الائیڈ ہسپتال میں اکلوتی ایم آر آئی مشین کی بدستورخرابی مریضوں کے لیے وبال جان بن گئی۔
، ایک ہفتے کے دوران 1 ہزار سے زائد ٹیسٹ التواء کا شکار جبکہ ایمرجنسی میں ٹیسٹ کروانے کے لیے مریض نجی سطح پر ہزاروں روپے کے اخراجات اٹھانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں اکلوتی ایم آر آئی مشین کی خرابی 9 روز گزرنے کے باوجود ٹھیک نہ کرائی جا سکی جس کی وجہ سے ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی میں نصب لاکھوں افراد کا سرکاری سطح پر اکلوتا سہارا غیر فعال ہوگیا ،تاہم خرابی دور کروانے کے لیے انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں روزانہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریبا 150 سے زائد ٹیسٹ کئے جاتے ہیں جو اکلوتی مشین کی استعداد سے کہیں زیادہ ہیں اس لئے آئے روز کسی نہ کسی پرزے میں خرابی معمول بن چکا ہے ۔ گزشتہ کئی سال سے ایم آر آئی مشین کو درپیش مسائل پر درجنوں بار محکمہ صحت پنجاب کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی جا چکی تاہم اس کے باوجود سابقہ اور موجود سیکرٹریز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، موجودہ عرصہ میں مشین کی خرابی کے باعث اب تک تقریبا 1 ہزار سے زائد ٹیسٹ التواء کا شکار ہوچکے جبکہ نجی ہسپتالوں میں ایم آر آئی کی فیس 10 سے 25 ہزار روپے تک وصول کی جاتی ہے جو غریب مریضوں کے لیے ادا کرنا ممکن نہیں لیکن اس کے باوجود ایمرجنسی کی صورت میں غریب مریض بھاری اخراجات کے عوض باہر سے ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مشین ٹھیک کرنے میں مزید دو روز کا وقت درکار ہے ۔ جبکہ مریضوں کا کہنا ہے کہ مسئلہ سالہا سال پرانا ہے ،وزیر اعلی پنجاب ، وزیر صحت اور سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر معاملے کا نوٹس لیں اوردیگر ہسپتالوں میں بھی ایم آر آئی کی سہولت فراہم کریں۔