ریڈ لائن ہماری حکومت کیلئے باعث شرمندگی ، میئر

ریڈ  لائن  ہماری  حکومت  کیلئے  باعث   شرمندگی  ، میئر

کراچی(خبرایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایک جماعت کے لوگ سڑکوں پر ٹینکر کا پانی ضائع کر رہے ہیں۔

مزار قائداعظم پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نیک فرشتوں کے پاس 9 ٹاؤنز ہیں، حافظ نعیم الرحمان کی یو سی کی حالات ہی دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میں کام کی ذمہ داری مرتضیٰ وہاب کی نہیں بلکہ ٹاؤن چیئرمین کی ہے ، شہر کو پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ ایک جماعت کے لوگ سڑکوں پر ٹینکر کا پانی ضائع کر رہے تھے ، کینجھر سے کراچی کو ملنے والا پانی لامحدود نہیں ہے ۔مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ کراچی کی ڈیمانڈ 1100 ملین گیلن ہے ، ہمیں صرف 525 ملین گیلن پانی ملتا ہے ، میں آپ کو پریس کانفرنس میں بتاؤں گا کہ کس کے دور میں ٹینکر آئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن اس وقت ہماری حکومت کے لیے باعث شرمندگی ہے ۔ میں نے حکومتی اراکین سمیت بورڈ کی میٹنگ میں یہ بات متعدد بار شیئر کی۔میئر کراچی نے کہا کہ 2 سال قبل ان کو این او سی دی گئی تھی کہ کسی بھی کام کرنے سے پہلے واٹر بورڈ کو اشتراک میں لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے 106 سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز مانگے ہیں، یونیورسٹی روڈ کے سوا 80 فیصد سڑکوں پر کام مکمل کیا ہے ۔مرتضیٰ وہاب نے مہاجر ثقافت ڈے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں اردو بولنے والا سندھی اور پاکستانی ہوں، شیروانی پہن کر آپ اردو بولنے والے نہیں بنتے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شہریوں کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق یہ فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔میئرنے کہا کہ کراچی شہر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قائد اعظم کراچی میں پیدا ہوئے اور اسی شہر میں آرام فرما ہیں،ان کی بے لوث قیادت کے ذریعے پاکستان جیسی آزاد ریاست حاصل کی، قائد اعظم نے تحریک پاکستان میں ہر مشکل کا فہم و فراست سے سامنا کیا، وہ دنیا خصوصاً مسلمانوں کے ایک اہم رہنما تھے ،ان کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں