یوم قائد اعظم ، کرسمس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)یوم قائد اعظم اور کرسمس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کرسمس کی سیکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر 699 چرچوں پر 3594 پولیس کے افسران و جوان موجود رہے ۔
ضلع ایسٹ میں 469 چرچوں پر پولیس کے 1628جوان ،ضلع ویسٹ میں 121 چرچوں پر 797 پولیس کے جوان اورضلع ساؤتھ میں 109 چرچوں پر 1169 پولیس کے جوان تعینات کئے گئے ۔ شہر میں پولیس موبائلز اور موٹر سائیکلز سوار بھی گشت پر مامور رہیں ۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مزار پر گارڈز کی تبدیلی اور دیگر تقریبات کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ، مزار قائد کے اطراف بلند عمارتوں پر تربیت یافتہ اسنائپرز تعینات کئے گئے ، مزار قائد اور چرچوں کے اطراف عوام کو کسی بھی پریشانی سے بچانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کی بھاری نفری موجود رہے ۔دوسری جانب ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا، ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی، ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی نے اپنے اپنے ضلع میں کرسمس کے موقع پر مختلف مسیحی عبادت گاہوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر مسیحی گرجا گروں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ، متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مسیحی برادری کرسمس کی تقریبات سکون اور تحفظ کے ساتھ منائے ۔