وزیراعلیٰ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعلیٰ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرز کے ہمراہ ملیر میں حسن سلیمان میموریل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔

ان کا کہنا تھاکہ منصوبہ پسماندہ افراد کوصحت کی سہولیات فراہم کرنے کی طرف اہم پیش رفت ہے ۔ تقریب میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، سردار شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ منصوبہ پاکستانی امریکی ڈاکٹرز اور حکومت سندھ کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے ، منصوبہ انسان دوستی اور بین الاقوامی تعاون کا زبردست نمونہ ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اسپتال کی تعمیر سے شہر کے پسماندہ علاقے میں صحت کی سہولیات میں بڑے پیمانے پر بہتری آئے گی۔ یہ منصوبہ پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کے عزم کا مظہر ہے جس میں سندھ حکومت ان کے ساتھ ہے ۔ مراد علی شاہ نے اسپتال کو امید کی کرن قرار دیا اور وعدہ کیا کہ جتنا فنڈز جمع ہوگا اتنا ہی حصہ حکومت سندھ ڈالے گی۔ انہوں نے اسپتال کی تعمیر اور انفرا اسٹرکچر، پالیسی اور انتظامی معاونت سے اسے چلانے میں حکومتی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ حسن سلیمان فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید سلیمان نے صدر آصف علی زرداری کے وژن ، حکومت سندھ کی جانب سے زمین کی فراہمی اور مالی امداد کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے قیام کا مقصد ضرورت مند افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ اسپتال 312 بستروں پر مشتمل ہوگا اور یہ دو سال میں مکمل ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں