شادی کی تقریبات میں کھلے عام ون ڈش کی خلاف ورزی،اوقات کاربھی نظرانداز
گوجرانوالہ (راجہ ماجد )تھانوں کے سکیورٹی افسروں اور ضلعی انتظامیہ کے عملہ کی ملی بھگت سے شادی ہالز،ہوٹلوں اور پارکوں میں ہونے والی شادیوں میں ون ڈش کی پابندی کی خلاف ورزی کیساتھ ساتھ شادی کی تقریبات کیلئے مقرر کردہ اوقات کار کی بھی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شادی ہال،ہوٹل مالکان اور ہر شہری پابند ہے کہ وہ تقریب میں ون ڈش سے مہمانوں کی تواضع کریں مگر انتظامیہ کی نااہلی سے یہ پابندیاں روزانہ ہوا میں اڑائی جارہی ہیں، مارکی اور میرج ہالز انتظامیہ تھانوں کے سکیورٹی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے عملہ سے ساز باز کر کے تقریبات میں ایک کی بجائے کئی ڈشز تیار کرتے ہیں جو کہ پنجاب حکومت کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ متعدد تقریبات میں سرکاری افسران خود بھی شریک ہوتے ہیں جو مارکی اور میرج ہالز مالکان کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ ون ڈش اور وقت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔