ادویات نہ سہولیات،سرکاری ہسپتال مسائل کی آماجگاہ،کوئی پرسان حال نہیں
ملتان (لیڈی رپورٹر) سہولیات نہ ریلیف، سرکاری ہسپتالوں کی حالت تشویشناک مریضوں کا اللہ حافظ ،سرکاری ہسپتالوں میں سوائے مریضوں کو آگے بڑے ہسپتالوں میں ریفر کرنے کے کچھ بھی نہیں ہو رہا ۔
جنوبی پنجاب بھر میں بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں عملہ کروڑوں روپے تنخواہیں حاصل کر رہا ہے جبکہ بنیادی مراکز صحت اور دیہی ہیلتھ سنٹروں میں سوائے عام ٹیبلٹ کے کچھ بھی نہ ہے مریضوں کو صرف ادویات لکھ کر دے دی جاتی ہیں اور مریض تنگ ہو کر پرائیویٹ ڈاکٹروں کے پاس علاج کروانے پہنچ جاتے ہیں جہاں مریضوں کی کھال اتار لی جاتی ہے ۔چھوٹے سرکاری ہسپتالوں میں نہ تو آپریشن کی سہولت ہوتی ہے اور نہ ایمرجنسی میں ڈاکٹر ملتے ہیں دیگر عملہ ایمرجنسی مریضوں کو بڑے ہسپتالوں میں ریفر کر کے جان چھڑا لیتا ہے ۔ شہریوں نے سرکاری ہسپتالوں میں ایس او پی کے تحت مریضوں کے علاج ،آپریشن اور علاج معالجے کا مطالبہ کیا ہے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں کم کی جائیں اور سرکاری ہسپتالوں میں جملہ ٹیسٹ اور آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے ۔