سب کی ذمہ داری ہے ملکی ترقی میں کر دار ادا کریں :کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا دویژن جہانزیب اعوان، ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر شہزاد آصف خان اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کیتھولک چرچ یونیورسٹی روڈ کا دورہ کیا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک دی اور ان کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔
اس موقع پر کمشنر کا کہنا تھا کہ کرسمس کا تہوار محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور یہ ہمارے معاشرتی ہم آہنگی اور اقلیتی برادری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔ پاکستان ایک مذہبی طور پر متنوع ملک ہے ، جہاں ہر کمیونٹی کو اپنی عبادت اور روایات کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے ۔ جہانزیب اعوان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لیے ہمیشہ سرگرم رہی ہے ۔آر پی او ڈاکٹر شہزاد آصف خان کا کہنا تھا کہ کرسمس کا دن ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر محبت اور اتفاق و اتحاد کی اہمیت سکھاتا ہے ۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر ایک مضبوط اور پرامن پاکستان کی تعمیر میں حصہ ڈالیں۔ مسیحی رہنماؤں اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہوئے ملی یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر فہد محمود ،ایس پی انوسٹی گیشن ضیا خان، اے سی سرگودہا آمنہ احسان تارڑ اور اے ایس پی سٹی بھی موجود تھیں۔