پی ٹی آئی بیک وقت مذاکرات اور سول نافرمانی کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کھیل رہی ہے اور دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے سرکردہ شیرو اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں، زلفی بخاری، شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے غیرملکی ٹاؤٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو مسترد کردیا ہے، سمندر پار پاکستانیوں نے رواں سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی نے ڈیڑھ سال قوم کو بتایا کہ میں آپ کو امریکی غلامی سے آزاد کراؤں گا، اب ایک مہینے سے امریکی لابی کو پاکستان میں مداخلت کی درخواستیں کر رہے ہیں،اڈیالہ جیل کا قیدی این آر او مانگنے کے لیے کسی کے بھی پاؤں پکڑنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کو دو ٹوک الفاظ میں ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے، پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں