سوشل میڈیا پر نوسربازی کرنے والے گینگ کا سرغنہ پکڑاگیا

 سوشل میڈیا پر نوسربازی کرنے والے گینگ کا سرغنہ پکڑاگیا

میرپورخاص(بیورو رپورٹ)فیک آئی ڈیز کے ذریعے مشہور شخصیات کے نام پر نوسر بازی کرکے پیسے بٹوڑنے والے گینگ کے سرغنہ کو میرپورخاص پولیس نے پنجاب سے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کے احکامات پر پولیس کی ٹیکنیکل ٹیم نے انتھک کوششوں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گینگ کے سرغنہ کو ٹریس کرکے پنجاب کے ضلع اوکاڑہ سے گرفتار کرلیا، کارروائی کے دوران حراست میں لیے گئے سرغنہ محمد انس ولد محمد یونس کا تعلق ضلع اوکاڑہ سے بتایا گیاہے ۔پولیس کے مطابق ملزم میرپورخاص سمیت ملک بھر میں نیٹ ورک رکھتاتھا اور جانی پہچانی شخصیات کے نام پر فیک واٹس ایپ اکاؤنٹ بناکر پیسے بٹوتا تھا ۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ایک منظم گروہ فیک سمز کے ساتھ ساتھ فیک واٹس ایپ اکاؤنٹ ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عام لوگوں سے مقامی معزز اور معروف شخصیات کے نام پر پیسے بٹورتاہے ۔ ملزم محمد انس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کا گروہ پیسے کے عوض لوگوں کی انتہائی حساس معلومات فراہم کرتارہاہے ۔ ملزم محمد انس نے بتایا کہ میر پورخاص کے پڑوسی اضلاع سے شایان سندھی اور ایڈووکیٹ حسن مری نامی ملزمان سے اس سے رابطے میں تھے اور تفصیلات کاتبادلہ کرتے تھے۔ ایس ایس پی نے پولیس ٹیم کو شاباشی دی اور اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔ دوسری جانب میرپورخاص پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 80لاکھ مالیت کی چھالیہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور دو ملزمان کو گرفتار کرکے ڈمپر کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی چھالیہ کو تحویل میں لے لیا ۔ پڈعیدن کے نواحی علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران 17ملزمان پکڑے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں