کمالیہ میں آوارہ کتوں کی بہتات ،شہریوں کی زندگیوں کو خطرات
کمالیہ(نمائندہ دنیا ،نمائندہ خصوصی )کمالیہ شہراور گرد و نواح میں آوارہ اور خارش زدہ کتوں کی بہتات، گلی ،محلوں میں آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں لوگوں پر حملہ آور ہونے لگے ،خواتین اوربچے خوف کا شکار۔
تفصیلات کے مطابق کمالیہ شہر اور گردو نواح کے علاقوں میں آوارہ اور خارش زدہ کتوں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی، علی ٹاؤن،خورشیدہ آباد،بلال گنج ،بشیر کالونی اورکشمیر ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں گھوم رہے ہیں اور ابتک وہ متعدد شہریوں کو کاٹ بھی چکے ہیں، معمر افراد،بچوں اور خواتین کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا، شہریوں کی آمد ورفت کے تمام راستوں اور ہوٹلوں، ریستورانوں، پیزا شاپس اور گوشت کی دکانوں کے باہر سمیت ہر جگہ آوارہ کتے دندناتے پھر رہے ہیں ۔ ان کتوں کے کاٹنے سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوچکے جس کی وجہ سے سکول کے بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، عوامی و سماجی حلقوں نے تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی یقینی بنانے کیلئے فی الفور کتا مار مہم شروع کی جائے ۔