ٹھیکریوالا :فوڈ حکام کی کارروائی،مزید 25 من مردہ مرغیاں برآمد

ٹھیکریوالا :فوڈ حکام کی کارروائی،مزید 25 من مردہ مرغیاں برآمد

ٹھیکریوالا،پینسرہ(نمائندگان دنیا )محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی ،مزید 25 من مردہ مرغیوں سے لدے دو رکشے پکڑ ے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فیصل آباد کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی آفیسر غلام عباس ،عمار وغیرہ نے ظفر علی و دیگر کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر جھنگ روڈ سے ملحقہ چک 66 دھاندرہ گردوارہ روڈ پر کارروائی کی اور اس دوران 2 لوڈر رکشوں پر نیلے ڈرموں میں چھپائی گئی 1000 کلو سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کر لیں ، مردار مرغیوں کا گوشت بنا کر ہوٹلز اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا ، فوڈ سیفٹی ٹیم نے برآمد مردہ مرغیوں کو ڈمپنگ سائیٹ پر تلف کروا دیا جبکہ ملزموں معظم عباس اورطارق محمود کو تھانہ ٹھیکریوالا پولیس کے حوالہ کرکے مقدمہ درج کروا دیا ۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی آفیسر غلام عباس نے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو میں کہا جعل ساز، ملاوٹ مافیا اور انسانی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، انسانی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔دوسری طرف فوڈ اتھارٹی حکام نے سمندری روڈ پر بھی کارروائی کرتے ہوئے تقریبا 400کلو مردہ مرغیاں برآمد کر لیں، ملزمان مرغیاں فروخت کرنے جا رہے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں