مردہ مرغیوں کے گوشت کی خرید و فروخت کرنیوالے نیٹ ورک بد ستور فعال

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر)مردہ مرغیوں کے گوشت کا الگ منڈی ریٹ مقرر ہونے اور خرید و فروخت کئے جانے کا انکشاف ،پنجاب فوڈ اتھارٹی نیٹ ورک توڑنے میں ناکام، صحت دشمن عناصر مردہ مرغیوں کا کاروبار کرنے۔۔۔
میں مصروف،فاسٹ فوڈ اور باربی کیو پوائنٹس مردہ مرغیوں کے گوشت کی خریداری میں سرفہرست ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں آئے روز منوں کے حساب سے مردہ مرغیاں پکڑ رہی ہیں، رواں ماہ ہی دو مختلف کاروائیوں میں مجموعی طور پر مردہ مرغیوں کا 1700 کلو گرام سے زائد حرام اور مضر صحت گوشت پکڑا جاچکا ہے ، جھنگ روڈ پر دو کارروائیوں میں مردہ مرغیوں کا 1200 کلو گوشت قبضے میں لے کر تلف کیا گیا اور دو مقدمات درج کروائے گئے جبکہ سدھار بائی پاس پرایک اور کارروائی میں 500 کلو مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا، اس سے پہلے بھی کئی کارروائیاں کی جا چکی ہیں جس میں سینکڑوں کلو مردہ مرغیوں کا حرام اور مضر صحت گوشت پکڑا جاچکا ۔ذرائع کے مطابق مردہ مرغیوں کے گوشت کا کاروبار کرنے والوں کا ایک الگ اور منظم نیٹ ورک موجود ہے جہاں بالکل زندہ مرغیوں کے گوشت کی طرح روزانہ کا ایک ریٹ طے ہوتا ہے اور پھر مختلف پولٹری فارمز سے مردہ مال مخصوص ڈیلرز تک تھوڑا تھوڑا کرکے پہنچایا جاتا ہے ،ڈیلرز یہ حرام گوشت خرید کر آگے اپنے ریٹ پرفروخت کرتے ہیں اور اس مردہ گوشت کی سپلائی شادی ہالز ،مارکیز ،فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور باربی کیو پوائنٹس سمیت مختلف ہوٹلز کو دی جاتی ہے جہاں یہ مردارگوشت شہریوں کو کھلایا جاتا ہے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی پکڑے جانیوالے افراد کے ذریعے تاحال ان نیٹ ورکس بارے معلومات نہیں لے سکی جس کی وجہ سے یہ سلسلہ جاری ہے ، بعض گاڑیاں پکڑی جاتی ہیں اور باقی گاڑیاں مردہ گوشت کی سپلائی دینے میں کامیاب ہوجاتی ہیں ۔