احترام رمضان آرڈنینس کی سرعام خلاف ورزیاں ، کھانے پینے کے سٹالز دن بھر کھلے رہنے لگے

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )فیصل آباد ضلع بھر میں احترام رمضان آرڈیننس کی سرعام خلاف ورزیاں جاری ہیں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث احترام رمضان آرڈیننس نافذ العمل نہیں ہوسکا۔۔۔
شہر اور گرد نواح کے دیہی علاقوں میں کھانے پینے کے سٹالز اور دکانیں دن بھر کھلی رہتی ہیں پان شاپس، ٹی سٹالز،ڈھابے اور کینٹینز پر اشیا خورد و نوش کی فروخت دن بھر جاری رہتی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں نکل کر انسپکشنز یا کارر وائیاں نہیں کرتے شہریوں کو فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس پر بٹھا کر بھی کھلایا جاتا ہے انتظامی افسر احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد نہیں کروا رہے تشہیر اور تصاویر کیلئے افسروں نے چند سبزی اور فروٹ شاپس کو منتخب کیا ہوا ہے مگر فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلز پر کھانے پینے کی اشیا کی فروخت رکوانے یا احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کروانے پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی شہریوں کا کہنا ہے اسلامی ملک میں ماہ رمضان کا احترام نہ کرنا اور انتظامی افسروں کی جانب سے کوئی ایکشن بھی نہ لینا لمحہ فکریہ ہے عملدرآمد نہیں کروانا ہوتا تو پھر حکومت آرڈیننس بناتی کیوں ہے گزشتہ برسوں میں ہسپتالوں،بس اڈوں یا ریلوے سٹیشنز کی کینٹینز کو ہی اجازت دی جاتی تھی مگر اب دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے سماجی حلقوں کی جانب سے بھی ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی جاتی ہے احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں کی جائیں۔