سیکرٹری محکمہ صحت کا کھرڑیانوالہ ، مکوآنہ میں ہسپتالوں کا دورہ
بلوچنی،مکوآنہ (نمائندگان دنیا )سیکرٹری محکمہ صحت و بہبود آبادی نادیہ ثاقب نے فیصل آباد کے علاقے 229 آر بی مکوآنہ میں واقع رورل ہیلتھ سینٹر ،60 بیڈڈ ہسپتال کھرڑیانوالہ کا گزشتہ روز اچانک دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے ناقص صفائی ستھرائی، مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی اور ناقص کارکردگی کی بنا پر ،60 بیڈڈ ہسپتال کھرڑیانوالہ کے ایم ایس ڈاکٹر مجاہد کو معطل کر دیا اور متعلقہ سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مفت ادویات کی دستیابی ہر حال میں یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی مالی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔ادھر مکوآنہ کے رورل ہیلتھ سینٹر کے دورے کے دوران انہوں نے مرکز کی مجموعی حالت اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا ،غیر حاضر عملہ کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سیکرٹری محکمہ صحت و بہبود آبادی نادیہ ثاقب نے کہا کہ مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ،عملہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مریض کو معیاری خدمات دی جائیں، ساتھ ہی مفت ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔