وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری کی چنیوٹ میں کھلی کچہری

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کی چنیوٹ میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایات، 40 حفاظ کرام میں نقد انعامات تقسیم کئے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، قیصر احمد شیخ نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ایک بھرپور عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، کھلی کچہری میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے صفائی، صحت، بجلی، گیس، اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کئے ۔اس موقع پر ایکس ای این فیسکو ملک ذیشان سمیت دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔ قیصر احمد شیخ نے شہریوں کی شکایات بغور سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ تمام عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔رمضان المبارک کی مناسبت سے وفاقی وزیر نے چنیوٹ کے 40 حفاظِ کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات پیش کئے ۔ معذور افراد میں وہیل چیئر زتقسیم کیں۔اس کے ساتھ ساتھ مستحق مریضوں کے لیے مفت علاج اور ادویات کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ دیگر ضرورت مند افراد کو مالی امداد بھی دی گئی۔عوام نے وفاقی وزیر کے اقدامات کو بے حد سراہا اور ان کی عوامی خدمت کو ایک مثالی قدم قرار دیا۔ اس موقع پر قیصر احمد شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ اپنے حلقے کی ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے ۔